خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کے صدر مقام داسو میں 22 سالہ خاتون اور ایک پولیس اہلکار کے قتل کے الزام میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کے اہل خانہ کو خاتون اور پولیس اہلکار کے درمیان تعلقات کا شبہ تھا۔ اسی شبہے کی بنیاد پر مبینہ طور پر مقتولہ کے شوہر، والد، بھائی اور دیگر ملزمان نے خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: تہکال پایان میں گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کو دھوکے سے داسو بلایا گیا، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول پولیس اہلکار کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ ورثا کی جانب سے مقدمے کی پیروی نہ کرنے پر پولیس نے سرکاری مدعیت میں ساتوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
