پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک رہائشی گھر میں آگ لگنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں میاں، بیوی اور چار بچے شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پالیا۔ سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کرپشن کے ثبوت پیش کیے، 40 روز گزرنے کے باوجود کارروائی نہیں ہوئی: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق اموات آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ گھر کے ہال میں لگی، جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر گھریلو سامان رکھا ہوا تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 55 سالہ سراج، ان کی 40 سالہ اہلیہ، 9 سالہ حنایا، 11 سالہ حریرہ، 4 سالہ حسنین اور 3 سالہ منہال شامل ہیں۔
