پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خواجہ سرا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ذاتی تعلقات کے تنازعے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پولیس اسٹیشن چمکنی کی حدود میں سبزی منڈی ڈنڈو پل کے قریب ویران کھیتوں میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے خواجہ سراؤں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد-پشاور موٹروے پر چینی سکیورٹی اسکواڈ کی پولیس موبائل کو حادثہ، ایک اہلکار شہید، 4 زخمی
فائرنگ کے نتیجے میں خواجہ سرا مشال عرف مشی موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ بصیر ولی ولد سید ولی (عمر 22 سال، قوم آفریدی، رہائشی پرویز پلازہ ہشنگری) زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے، جبکہ ابتدائی طور پر ذاتی تعلقات کے تنازعے کا پہلو بھی سامنے آیا ہے۔ تاہم حکام کے مطابق حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
