وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا درست نہیں، اس سے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی دل آزاری ہوتی ہے۔

 

خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی بھی شخص صرف تنخواہ کی خاطر اپنی جان قربان نہیں کرتا، بلکہ وطن سے محبت، فرض شناسی اور اپنے نظریے کی وجہ سے ایسی قربانی دیتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے کن 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے؟ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج ہوگا

 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور شہری مسلسل جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، ایسے میں ان کی قربانیوں کو صرف تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا مناسب نہیں۔

 

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان اور مذہبی رہنما ہیں، اس لیے ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ احتیاط کی توقع کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختلاف رائے ہر کسی کا حق ہے، لیکن شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔