خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق آج اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بلدیاتی اداروں کی مدت مکمل ہونے والے 23 اضلاع میں انتخابات کے انعقاد اور تیاریوں پر مشاورت کی جائے گی۔

 

یہ بھی پڑھیے: مالاکنڈ ڈویژن اور سابق فاٹا میں ٹیکس نفاذ پر اے این پی کے لویہ جرگے کا بڑا اعلامیہ

 

مراسلے کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام اور تورغر میں انتخابات کے انعقاد پر غور کیا جائے گا۔

 

اس کے علاوہ کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بونیر، چترال لوئر، دیر لوئر اور دیر اپر بھی ان اضلاع میں شامل ہیں جہاں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔

 

اجلاس میں انتخابی شیڈول، انتظامی تیاریوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا۔