خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے مالگین ورشنڈ میں طوفانی بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نومولود بچے کی پیدائش پر اہلِ خانہ کو مبارکباد دینے کے لیے رشتہ دار اور محلے کے افراد گھر میں جمع تھے۔ اسی دوران طوفانی بارش کے باعث مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
یہ بھی پڑھیے: بعض نئی دلہنوں کے لیے شادی امتحان کیوں بن جاتی ہے؟
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کے تعاون سے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران اب تک خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 10 زخمیوں کو بحفاظت نکال کر ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں 3 اور 4 سال کی دو بچیاں اور 4 سالہ ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
