خیبرپختونخوا کے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے امکان کے پیش نظر ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران پہلی بار تربیلا ڈیم سے اضافی پانی نکالنے کے لیے معاون اسپِل وے استعمال کیے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھ کر کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ٹانک: شاہراہ وزیرستان پر پولیس گاڑی کے قریب دھماکہ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید، 2 زخمی

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو دریائے سندھ کے کناروں پر نگرانی سخت کرنے، حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور دریائے سندھ کے کنارے رہنے والے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دریا میں نہانے، کشتی رانی، ماہی گیری اور مویشیوں کو دریا کے قریب لے جانے سے اجتناب کریں، جبکہ بچوں کو بھی دریا کے کنارے جانے نہ دیں۔

 

پی ڈی ایم اے نے ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، عوامی آگاہی بڑھانے اور ریسکیو اداروں کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پانی کے بہاؤ میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔