زالان خان آفریدی
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق واقعہ ہفتے کی دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب نیکی خیل میں عابد گروپ اور بجلی خان گروپ کے درمیان زمین کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: پولیس نے 40 مطلوب مبینہ دہشت گردوں کی معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے انعام کا اعلان کر دیا
فائرنگ کے نتیجے میں عابد گروپ کے صیفت اللہ ولد عامر رحمان (20 سال) اور رجید اللہ ولد شیر رحمان (35 سال) جاں بحق ہوگئے، جبکہ غلام فاروق ولد یاغیستان (60 سال)، رفیع اللہ ولد بخمل خان (45 سال) اور سعید خان ولد میثل خان (45 سال) زخمی ہوئے۔
دوسری جانب بجلی خان گروپ کے قدیر ولد رئیس (تقریباً 35 سال) اور انثار ولد محمد نواز (تقریباً 22 سال) بھی جاں بحق ہوگئے، جبکہ رحیف خان ولد بجلی خان، نعیم ولد نجیب اللہ، فرہاد ولد رحیم، بشیر ولد رؤف، ابراہیم ولد رئیس اور طارق ولد بجلی خان زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لنڈی کوتل پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
لنڈی کوتل پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او عشرت شینواری نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ زمین کے تنازع کے باعث ہوئی۔
