سلمان خان 

 

بنوں پولیس نے انتہائی مطلوب مبینہ دہشت گردوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے 40 مطلوب افراد کے نام، تصاویر اور ان کی گرفتاری پر مقرر انعامی رقوم عوام کے سامنے پیش کر دی ہیں۔

 

پولیس کے مطابق فہرست میں شامل مبینہ دہشت گرد دھماکوں، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: شیدید گرمی کے بعد آج کن کن علاقوں میں تیز بارشیں ہوں گی؟ پی ڈی ایم اے نے بتا دیا

 

پولیس کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل مبینہ دہشت گرد اختر محمد عرف خلیل کی گرفتاری پر سب سے زیادہ ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ صدر حیات عرف سفیان اور صادق اللہ گربز کی گرفتاری پر 80، 80 لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔ اسی طرح نصیر اللہ عرف گیدڑ کی گرفتاری پر 70 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فہرست میں شامل کم ترین انعامی رقم 5 لاکھ روپے ہے۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) فرقان بلال کے مطابق جاری کردہ فہرست میں شامل 40 مطلوب مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری پر مجموعی طور پر 15 کروڑ 85 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر مطلوب مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری پر انعامی رقوم کے تعین کا عمل بھی جاری ہے اور ان کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

 

بنوں پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ان مطلوب مبینہ دہشت گردوں سے متعلق معلومات موجود ہوں یا ان کی موجودگی کے بارے میں علم ہو تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

 

 پولیس کے مطابق اطلاع فراہم کرنے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ درست اور قابلِ عمل معلومات فراہم کرنے والوں کو مقررہ انعام بھی ادا کیا جائے گا۔