پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 11 اور 12 جولائی کے لیے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں فلیش فلڈ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: لکی مروت: گھر کے سامنے فائرنگ، چھٹی پر آئے ایف سی اہلکار شہید

 

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے (اربن فلڈنگ) کا خدشہ بھی موجود ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات مکمل کرنے، جبکہ ریسکیو ٹیموں، بھاری مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو مکمل الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں و پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھلے تاروں اور برساتی نالوں سے دور رہیں، جبکہ کاشتکار اور مویشی پال حضرات اپنی فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنائیں۔