خیبرپختونخو کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے گاؤں کوٹ جائی میں مبینہ طور پر اراضی کے تنازع پر دو بیٹوں نے اپنے سگے والد کو زنجیروں اور رسی سے باندھ کر کمرے میں قید کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع بزرگ کی بیٹی نے دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پانچ روز بعد بزرگ کو تاریک کمرے سے بازیاب کرا لیا۔
ڈی ایس پی پہاڑپور محمد اقبال بلوچ نے بتایا کہ ملزمان حبیب اللہ اور شعیب مبینہ طور پر اپنے والد اللہ یار پر اراضی اپنے نام منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے، جبکہ بزرگ اپنی بیٹیوں اور دیگر بیٹوں کو بھی جائیداد میں حصہ دینا چاہتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ پہاڑپور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
