ڈپٹی کمشنر پشاور نے ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے حوالے سے اہم مراسلہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

 

اس سلسلے میں پولیس نے پشاور کے بورڈ بازار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں بھی کی ہیں، جہاں ویزا اوورسٹے اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی جانچ پڑتال اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

 

مراسلے کے مطابق ویزا اوورسٹے افغان شہریوں کی فہرست ایس ایس پی آپریشنز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہے تاکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

 

دستاویز میں ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حکومتی منصوبے کے تحت کارروائی یقینی بنائی جائے، جبکہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس کی تفصیلی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کی جائے۔

 

مراسلے کی نقول چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ذریعے کارروائی کو مؤثر انداز میں مکمل کر سکیں۔

یہ مراسلہ 3 جولائی 2026 کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔

 

یاد رہے کہ وزارتِ داخلہ نے 29 جون 2026 کو جاری نوٹیفکیشن میں ہدایت کی تھی کہ 10 جولائی تک غیر قانونی طور پر مقیم اور ویزا اوورسٹے افغان شہریوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی مکمل کی جائے، جبکہ 11 جولائی سے ایسے تمام افغان شہریوں کے خلاف گرفتاریاں شروع کی جائیں گی جو بغیر قانونی دستاویزات یا کارآمد ویزا کے پاکستان میں مقیم ہوں گے۔