کرک تھانہ صابر آباد کی حدود خٹک ڈیم، کرک۔کوہاٹ بارڈر کے علاقے میں کرک اور کوہاٹ پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

پولیس ترجمان شوکت خٹک کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دونوں اضلاع کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: نرسنگ و میڈیکل کالج کے لیے اساتذہ کو رہائشی کوارٹرز خالی کرنے کا حکم، متبادل رہائش کا مطالبہ

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ایس ایچ او تھانہ بانڈہ عمر نواز (ضلع کرک) اور انسپکٹر طاہر نواز (ضلع کوہاٹ) کی 2025 میں ہونے والی شہادتوں کے علاوہ 2026 میں ڈی ایس پی اسد محمود، سب انسپکٹر انار گل اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔

 

واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

پولیس ترجمان شوکت خٹک کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔