حکومت خیبرپختونخوا نے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل تیز، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت امدادی درخواستوں کی وصولی، جانچ پڑتال، منظوری اور معاوضے کی ادائیگی ایک ہی مربوط ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق نئے نظام کا مقصد متاثرین کو بروقت مالی امداد فراہم کرنا، معاوضوں کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانا، انسانی مداخلت کم کرنا اور درخواستوں پر کارروائی کا عمل تیز کرنا ہے۔ اس نظام سے متاثرہ شہریوں کو غیر ضروری کاغذی کارروائی اور سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بھی نجات ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں پھر اضافہ، فی تولہ اب کتنے کا ہوگیا؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اپنی امدادی درخواستیں اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس میں قائم ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے جمع کرا سکیں گے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق نقصانات کی تصدیق کرے گی، جس کے بعد اہل متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام حکومت خیبرپختونخوا کے عوام دوست اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت اور منصفانہ مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ امدادی نظام میں شفافیت، احتساب اور سہولت کو فروغ دینا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قدرتی آفات کی صورت میں امدادی درخواست جمع کرانے کے لیے اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کریں اور مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ درست معلومات فراہم کریں، تاکہ درخواستوں پر بروقت کارروائی مکمل کرکے متاثرین کو جلد مالی امداد فراہم کی جا سکے۔
