چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہ آئین طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد تشکیل پایا۔

 انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہندوستانی جارحیت کے خلاف پاک فوج کو فتح نصیب فرمائی، جبکہ آج دنیا اسلام آباد کو "لینڈ آف پیس" کے نام سے یاد کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دنیا ایک بڑی جنگ سے بچ گئی۔

 

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ دین اسلام بے گناہ افراد کے قتل کی اجازت نہیں دیتا اور جو عناصر افواجِ پاکستان اور ملک کے امن و استحکام کے خلاف سرگرم ہیں، وہ قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چور اور ڈاکو پگڑی پہن لینے سے عالمِ دین نہیں بن جاتے، علماء وہ ہیں جو دین اور وطن کی خدمت کریں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کی نئی ہیلتھ پالیسی 2026 منظور، عوام کو کیا نئی سہولیات ملیں گی؟

 

انہوں نے کہا کہ ایران پر جنگ کے دوران مسجد اقصیٰ کے دروازے بند رہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ نہ عید کی نماز ادا کی جا سکی اور نہ ہی رمضان میں معمول کے مطابق عبادات ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں تمام مکاتبِ فکر کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 

 

انہوں نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبائی حکومت، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع و استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 36 سال مولانا سمیع الحق کے ساتھ گزارے۔ مولانا سمیع الحق سمیت جن علماء کو شہید کیا گیا، ان کا قصور صرف دین کی خدمت تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ "اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں، دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں" تاکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور امن برقرار رہے۔

 

خیبرپختونخوا کے چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے کہا کہ علماء، عوام، پولیس اور دیگر اداروں کے باہمی تعاون سے محرم الحرام پرامن انداز میں گزرا، جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علماء نے امن کے قیام کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

 

 پاکستان فوج کے خلاف یا ملک میں دہشت گردی کی حمایت حرام ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف فتوے دینے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے علماء اپنے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

یہ باتیں حافظ طاہر اشرفی نے پشاور پریس کلب میں خیبرپختونخوا کے چیف خطیب مولانا طیب قریشی، مولانا روح اللہ مدنی، جمعیت علمائے اسلام (سمیع الحق گروپ) کے سید یوسف شاہ، مولانا محمد شعیب اور ڈاکٹر شمس الرحمن شمس کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر دہشت گردی میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، شہریوں اور ملک کی سلامتی، امن اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔