ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے تاج آباد میں رقم اور جائیداد کے تنازع پر مبینہ طور پر دو بیٹوں نے فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل کر دیا، جبکہ بعد ازاں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان مارے گئے۔

 

پولیس کے مطابق تاج آباد میں بزرگ محمد طاہر اور ان کے بیٹوں، طلحہ اور محمد حذیفہ، کے درمیان رقم اور جائیداد میں حصہ لینے کے معاملے پر تکرار ہوئی۔ اس دوران دونوں بیٹوں نے مبینہ طور پر اپنے والد پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد طاہر موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں میں کواڈ کاپٹر حملہ، 1 شہری جاں بحق، 4 زخمی

 

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر اہلکار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہنچے تو دونوں بھائیوں نے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی، جس سے کانسٹیبل علیم خان شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان، طلحہ اور محمد حذیفہ، مارے گئے، جبکہ زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

ریسکیو 1122 کے مطابق محمد طاہر اور دونوں ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے میاں راشد میموریل اسپتال پبی منتقل کر دی گئی ہیں۔