بنوں کے علاقے بکاخیل میں کواڈ کاپٹر حملے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ کسٹمز بکاخیل، تھانہ بکاخیل کی حدود میں ہوا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ کواڈ کاپٹر سے گرایا گیا دھماکہ خیز شیل پھٹنے سے حاطر اللہ ولد گل بہادر موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ سیف اللہ، اصل جان، امیر اللہ اور شاکر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی

 

پولیس کے مطابق تھانوں، چیک پوسٹوں اور دیگر حساس مقامات پر اینٹی ڈرون گنز اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث سیکیورٹی فورسز پر کواڈ کاپٹر حملوں کی متعدد کوششیں ناکام بنائی جا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسی وجہ سے حملہ آوروں نے شہریوں کو نشانہ بنایا۔

 

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

 

ادھر سابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان وزیر نے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔

 

دوسری جانب بنوں کے علاقے تھانہ بکاخیل کی حدود میں سی پیک روڈ پر نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے سیدگئی کے قریب آمدورفت کے راستے پر بارودی مواد نصب کیا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں سڑک اور پل کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔