صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں 6 سے 8 جولائی تک بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: بحالی مرکز میں زیرِ علاج نوجوان مبینہ تشدد کے بعد جاں بحق، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس لیے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور بارش کے دوران درختوں، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

 

ادارے نے سیاحوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور پہاڑی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو ندی نالوں، برساتی پانی اور کھلے گڑھوں کے قریب جانے سے روکیں۔

 

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے اور مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع یا مدد کے لیے پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔