شہریوں کو سول رجسٹریشن کی سہولت مزید آسان بنانے کے لیے پشاور کی تمام ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے سول رجسٹریشن سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس نئی سہولت کے تحت شہری اب پیدائش، وفات، شادی، طلاق اور نکاح کی تنسیخ جیسے اہم واقعات کی رجسٹریشن اپنے موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے آسانی سے کرا سکیں گے، جس سے دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: ملاکنڈ اور قبائلی اضلاع میں ٹیکس نفاذ پر عوام سڑکوں پر، باجوڑ میں بڑا احتجاج
حکام کے مطابق سول رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے 145 روپے سروس فیس مقرر کی گئی ہے۔ اس رقم میں 120 روپے نادرا، 15 روپے متعلقہ ویلج یا نیبرہوڈ کونسل جبکہ 10 روپے سیکریٹری ویلج یا نیبرہوڈ کونسل کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور آسان سول رجسٹریشن سہولت فراہم کرنا، سرکاری خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا اور رجسٹریشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔
