وطن زیب محسود 

 

جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا کے علاقے زیڑی نور میں مسجد کے اندر 8 سالہ بچے کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق مقتول وقاص ولد حضرت عمر (عمر 8 سال)، قوم مغل خیل، سکنہ زیڑی نور، کو مبینہ طور پر احمد ولد امیر حسین (عمر 18 سال)، قوم مغل خیل، سکنہ زیڑی نور نے ذبح کر کے قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم آپس میں چچازاد بھائی ہیں، جبکہ مقتول کے والد اور ملزم کے والد بھی سگے بھائی ہیں۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان لوئر محمد طاہر شاہ وزیر کی ہدایات پر ایس ایچ او سٹی تھانہ وانا عثمان خان وزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: ژوب بس حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے سہیل آفریدی کا مالی امداد دینے کا اعلان

 

پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش ابتدائی طور پر اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی اپنے چچا کے ساتھ ذاتی رنجش تھی۔ ملزم کے مطابق چونکہ اس کے پاس بندوق یا پستول موجود نہیں تھا، اس لیے اس نے اپنے چچا کو نقصان پہنچانے کی نیت سے ان کے کمسن بیٹے کو ذبح کر کے قتل کیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں مرکزی ملزم کو قانون کی گرفت میں لے لیا گیا، جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

 

اس موقع پر ڈی پی او محمد طاہر شاہ وزیر نے کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے مؤثر انسداد اور ہر مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے کی ہر پہلو سے شفاف اور میرٹ پر تحقیقات جاری ہیں۔