قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے خود کو جعلی افسر ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق گھوٹکی کا رہائشی عبدالواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا ملازم اور گریڈ 17 کا افسر بتاتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے عبدالواجد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے پاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ بھی موجود تھا، جس پر اسپیکر کے جعلی دستخط کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: 25 سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم عظمت عرف عظمتے پولیس مقابلے میں ہلاک
ترجمان کے مطابق ملزم جعلی شناخت کے ذریعے غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کرتا رہا۔ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپیکر کی ہدایت پر فوری کارروائی کی گئی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عبدالواجد کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کرنا سنگین جرم ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے متعلق کسی بھی دستاویز کی تصدیق ضرور کریں۔
