پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافے اور شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونا ایک بار پھر مہنگا، آج فی تولہ قیمت کتنی بڑھ گئی؟

 

پی ڈی ایم اے نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حساس گلیشیائی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے اور مسلسل نگرانی کرنے کی تاکید کی ہے۔

 

اعلامیے کے مطابق تمام ریسکیو اداروں، متعلقہ محکموں، مشینری اور ہنگامی عملے کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، جبکہ دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو بھی بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب نہ جانے کی تلقین کی گئی ہے۔