بر سوات کے علاقے مٹہ میں بیوی کو ذبح کرکے قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب ملزم سیف الملوک پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل بالاسور کے علاقے بوڈا بابا قبرستان کے قریب ایک خاتون کی ذبح شدہ لاش ملی تھی، جس کے ساتھ اس کا دو سالہ بچہ بھی موجود تھا۔ بچے کے رونے کی آواز سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری، فی تولہ سونا کتنے کا ہو گیا؟
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتولہ کو اس کے شوہر سیف الملوک نے مبینہ طور پر ہسپتال لے جانے کے بہانے گھر سے نکالا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے راستے میں خاتون کو قتل کرنے کے بعد لاش قبرستان کے قریب پھینک دی اور فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سیف الملوک ولد لاہورے، سکنہ وردگ مٹہ، مقدمہ قتل میں مطلوب تھا۔ خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او چپریال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزم نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم آئس کے نشے کا عادی تھا اور 2010 سے 2016 کے دوران مختلف مقدمات میں جیل بھی کاٹ چکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
