امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ مقامی مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت میں ایک ہی روز کے دوران تقریباً 1500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت 4 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ معاہدے کے بعد پہلے ہی روز تقریباً 25 ارب روپے مالیت کے ایرانی ریال فروخت ہوئے، جبکہ آج بھی ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پشاور کے منی ایکسچینجر علی شیر خان کے مطابق صبح سے ایرانی ریال کے نرخوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال 3500 سے 4000 روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق مثبت پیش رفت اور معاشی توقعات بہتر ہونے کے باعث ایرانی ریال کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
