وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی، جس میں پشاور میں آغا خان اسپتال کے قیام کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ منصوبے پر پیش رفت کو تیز رفتار بنیادوں پر آگے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ سول ہسپتال میں تیزاب حملے میں زخمی ڈاکٹر ماہ نور کی حالت کیسی ہے؟ ڈاکٹرز کا اہم بیان سامنے آ گیا
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ منصوبے کو جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے ڈیٹا سینٹرز، کھیلوں، معدنیات، قدرتی وسائل اور مائنز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔
صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔
