ضلع کرم میں مختلف چھاپوں اور کارروائیوں کے دوران برآمد کی گئی بھاری مقدار میں منشیات آج سٹی تھانہ کی حدود میں علاقہ مجسٹریٹ کی زیرِ نگرانی تلف کردی گئیں۔

 

ڈی پی او ضلع کرم ملک حبیب کے مطابق پولیس نے مختلف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 23 من چرس، 65 کلوگرام آئس سمیت دیگر اقسام کی منشیات برآمد کی تھیں، جنہیں تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد نذرِ آتش کردیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: پرائمری سکولوں میں خدمات انجام دینے والے 567 اساتذہ فارغ کر دیے گئے

 

پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور معاشرے میں منشیات جیسے ناسور کو پھیلانے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ ضلع کرم میں پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے دوران اب تک بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرکے تلف کی جاچکی ہیں۔

 

اس موقع پر علاقہ مجسٹریٹ کے علاوہ ایس ایچ او سٹی تھانہ ندیم حسین، ایس ایچ او مشتاق علی، ایس ایچ او سید رضا شاہ سمیت دیگر پولیس افسران اور قبائلی عمائدین نے بھی شریک تھے۔