خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کرپشن کے خاتمے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں اینٹی کرپشن ڈیسک کا افتتاح کر دیا ہے۔

 

 اس اقدام کے تحت شہری اب کرپشن، انتظامی بے ضابطگیوں اور مالی بدعنوانی سے متعلق شکایات براہ راست وزیراعلیٰ تک پہنچا سکیں گے۔

 

افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا، شہریوں سے براہ راست رابطہ کیا اور ان کی شکایات سنیں۔ انہوں نے شکایات کے ازالے سے متعلق شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا اور متعلقہ عملے کو شکایت گزاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: ڈاکٹروں پر ہزاروں روپے کا ٹیکس کم کرنے کی تجویز، کس کو کتنا ریلیف ملے گا؟

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ نبھاتے ہوئے حکومت نے شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یا مالی بے ضابطگی کی نشاندہی کرنے والا ہر شہری حکومت اور وزیراعلیٰ کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا۔

 

محمد سہیل آفریدی نے بتایا کہ کرپشن سے متعلق شکایات کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 091-9222451 جاری کر دی گئی ہے، جبکہ واٹس ایپ، ای میل، فیس بک اور ایکس (ٹوئٹر) کے ذریعے بھی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون رکھنے والا ہر شہری اب اپنی شکایت براہ راست حکومت تک پہنچا سکے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ زمونگ کور اور پناہ گاہوں میں مقیم افراد کے لیے بھی خصوصی شکایت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو بھی شکایات کے اندراج اور ازالے کی یکساں سہولت میسر آ سکے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوامی شکایات کی نگرانی خود کریں گے اور ان کے ازالے کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو مایوس نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو شہریوں کے ساتھ زیادتی کی اجازت دی جائے گی۔ ہر شکایت کو ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق قائم وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر طرز حکمرانی اور شفاف نظام فراہم کیا جا سکے۔

 

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے اور صوبے میں صرف وہی پالیسیاں نافذ کی جائیں گی جو عوام کے مفاد میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیصلے میں صوبے کے مفاد اور عوامی اعتماد کو مقدم رکھا جائے گا۔