صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) کے 21ویں اجلاس میں خیبرپختونخوا بھر کے لیے 56 ارب روپے سے زائد مالیت کے 41 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب نے کی۔

 

منظور شدہ منصوبوں میں صحت، تعلیم، توانائی، سڑکوں، زراعت، کھیل اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبے شامل ہیں۔ بنوں، ہزارہ، ملاکنڈ اور مردان ڈویژنز میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی جبکہ نئے بلیک ٹاپ روڈز، سڑکوں کی کشادگی اور متبادل راستوں کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: افغان مہاجر نے بیٹے کے ساتھ مل کر دو سگے بیٹوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا

 

صحت کے شعبے میں ڈی آئی خان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، سوات کے علاقے کبل میں پیڈز ہسپتال، جبکہ ضم شدہ اضلاع میں بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور 100 ماہر طبی عملے کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

 

اجلاس میں سیلاب سے تحفظ، چیک ڈیمز، آبپاشی، سولرائزیشن، مائیکرو ہائیڈل پاور منصوبوں، سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام اور مختلف کھیلوں و انفراسٹرکچر منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔