پشاور کے علاقے ناصر باغ میں ایک  افغان مہاجر  نے مبینہ طور پر اپنے تیسرے بیٹے کے ساتھ مل کر دو سگے بیٹوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ واقعے کے وقت گھر میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔

 

پولیس کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ محمد امین کلے، ریگی للمہ میں پیش آیا۔ ناصر باغ پولیس کو بلال ولد عبداللہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کا خاندان افغانستان سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ روز تمام افراد گھر میں موجود تھے کہ اسی دوران والد عبداللہ اور اس کے بیٹے سکندر نے فائرنگ کر دی۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور میں ترقی کا نیا دور، آج کن بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا؟

 

فائرنگ کے نتیجے میں نوراللہ اور باور خان، جو عبداللہ کے بیٹے تھے، شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں کو فوری طور پر نجی گاڑی کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے سے قبل والد اور مقتول بیٹوں کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جو بعد میں فائرنگ تک جا پہنچی۔ فائرنگ کے وقت گھر میں موجود خواتین اور بچے بھی خوفزدہ ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق ملزمان اور مقتولین فروٹ فروش ہیں اور فروٹ منڈی میں کام کرتے تھے۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔