ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے خیبر تکیہ میں افغانستان میں پھنسے پاکستانی ٹرانسپورٹرز، ڈرائیوروں اور ان کی گاڑیوں کی وطن واپسی کے لیے احتجاجی دھرنا شروع کردیا گیا۔
احتجاجی دھرنے کے دوران ٹرانسپورٹر رہنما رخمان زیب آفریدی نے کہا کہ اگر اتوار تک افغانستان میں موجود پاکستانی ٹرانسپورٹرز، ڈرائیوروں اور ان کی گاڑیوں کو واپسی کی اجازت نہ دی گئی تو پاک افغان شاہراہ بند کرکے غیر معینہ مدت کا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: جھوٹی گواہی اور تفتیش میں سنگین غفلت، تفتیشی افسر کو 10 سال قید کی سزا

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور گزشتہ آٹھ ماہ سے افغانستان میں پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث انہیں شدید مالی اور ذہنی مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں پھنسے پاکستانی ٹرانسپورٹرز، ڈرائیوروں اور ان کی گاڑیوں کی واپسی کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ افراد اپنے وطن واپس آ سکیں اور ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
