پشاور کے علاقے تھانہ سربند کی حدود پشتخرہ بالا میں عیدالاضحیٰ کے روز گھر کے اندر ہونے والی خونی ڈکیتی اور قتل کی واردات کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کا سگا بھائی اپنے ساتھی سمیت قتل اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث نکلا، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد وقاص اور اس کا ساتھی محمد شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: شہری کے مبینہ اغوا کا معاملہ، اہل خانہ کی پریس کانفرنس میں پولیس پر الزامات
تحقیقات کے مطابق ملزم وقاص اپنے ساتھی کے ہمراہ عیدالاضحیٰ کے روز اپنے معذور بھائی ریحان کے گھر میں داخل ہوا اور اسے تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزمان گھر میں موجود لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
واقعے کے بعد مقتول کے والد محمد حنیف کی مدعیت میں تھانہ سربند میں مقدمہ درج کیا گیا، جس پر پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیا۔ دورانِ تفتیش مقتول کے بھائی وقاص کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران ملزم وقاص اور اس کے ساتھی پر شبہات مضبوط ہوئے، جس کے بعد دونوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ ملزمان نے مبینہ طور پر واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ رقم 16 لاکھ 86 ہزار روپے نقد اور واردات میں استعمال ہونے والا تیز دھار آلہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
