خیبرپختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے نوشہرہ میں قائم آئل ٹرمینلز کو ماحولیاتی آلودگی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے پی ایس او اور شیل آئل ٹرمینلز کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ای پی اے کے مطابق پبی میں واقع پی ایس او آئل ٹرمینل میں 7 نومبر 2025 کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی رپورٹ ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ٹرمینلز کے خلاف شکایات کی بنیاد پر کارروائی شروع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: طورخم بارڈر کے حوالے سے عید تعطیلات میں بڑا فیصلہ، افغان مہاجرین کے لیے اہم ہدایات جاری
ادارے کی مانیٹرنگ ٹیم نے معائنے کے دوران دونوں یونٹس میں ماحولیاتی تحفظ ایکٹ کے سیکشن 6، 11 اور 13 کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔
ای پی اے کے مطابق 14 اپریل 2026 کو ہونے والی سماعت میں بھی ٹرمینلز کی انتظامیہ ماحولیاتی تقاضوں پر اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہی۔
نوٹس میں دونوں کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ای پی اے کی مصدقہ لیبارٹری سے سہ ماہی ماحولیاتی تجزیے کروائیں اور 14 دن کے اندر عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔
شیل ڈیپو انتظامیہ کو اسکول کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں 30 منٹ تک گاڑیوں کی آمدورفت محدود رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پبی میں لوڈ گاڑیوں سے متاثرہ کمیونٹی روڈ کی فوری بحالی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ای پی اے نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں ٹرمینلز پر 50 ہزار سے 7 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر یومیہ ایک لاکھ روپے تک اضافی جرمانہ بھی ہوگا۔
