ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر طورخم بارڈر کو چار روز کیلئے ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بندش کے دوران پیدل آمدورفت، تجارتی سرگرمیاں اور مسافروں کی نقل و حرکت مکمل طور پر معطل رہے گی۔

 

اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل کے مطابق یہ فیصلہ عید کی سرکاری تعطیلات کے باعث کیا گیا ہے تاکہ سرحدی انتظامات کو عارضی طور پر منظم رکھا جا سکے۔ اس دوران افغانستان جانے والے افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں پھر سے بڑا اضافہ

 

انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ افغان شہریوں اور افغان خاندانوں کو لے جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز طورخم بارڈر کی جانب سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

 

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے بعد طورخم بارڈر کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

 

دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار افغان مہاجرین طورخم بارڈر کے راستے اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، جبکہ یہ واپسی کا عمل حکومتی پالیسی کے تحت مسلسل جاری تھا جو اب عید تعطیلات کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔