سوات ایکسپریس وے پر ہائیس وین اور بس میں تصادم، 11 مسافر جاں بحق، 7 زخمی
سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلیہ کے قریب ہائیس وین اور بس کے درمیان حادثے میں 11 مسافر جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ ہائیس وین ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ ہائیس وین نے سڑک کنارے کھڑی بس کو پیچھے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے احتجاج تیز، جرگے نے سخت فیصلے کا عندیہ دے دیا
حادثے کے بعد ریسکیو اور موٹروے پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات ایکسپریس وے پر پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
