بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے تھانہ میریان کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: چارسدہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی، 3 بچے جاں بحق
اسی کارروائی کے دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم (IED) بھی برآمد ہوا جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ آئی ای ڈی مبینہ طور پر آج ہونے والی روڈ اوپننگ ڈیوٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا اور اس میں جدید ڈرون سرویلنس اور دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مکمل کیا گیا۔
کارروائی کی نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی جبکہ دو ایس ڈی پی اوز اور ایس پی سی ٹی ڈی بھی موقع پر موجود رہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس ہر محاذ پر دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
