اسلام آباد میں پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کی آڑ میں شہریوں کی ذاتی معلومات چوری ہونے کا خدشہ  پیدا ہوگیا ہے۔

 

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بعض عناصر صارفین کو ایک جعلی لنک کے ذریعے مختلف مراحل میں معلومات درج کرنے کا کہتے ہیں، اور بعد میں 6 ہندسوں کا کوڈ بھی طلب کیا جاتا ہے، جو ایک مشکوک اور غیرقانونی طریقہ کار ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: باڑہ اکاخیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار شہید

 

ترجمان نے بتایا کہ یہ عناصر کیو آر کوڈ اور آن لائن لنکس کا غلط استعمال کرکے شہریوں سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کے بل یا سرکاری نظام کے علاوہ کسی بھی غیر سرکاری پلیٹ فارم پر معلومات درج کرنا درست نہیں ہے۔

 

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

 

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی سبسڈی یا دیگر سرکاری سہولت کے لیے اپنی ذاتی معلومات غیر مصدقہ لنکس، کیو آر کوڈ یا کاغذی فارم پر درج نہ کریں۔