عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے سندھ کے کچے کے علاقے میں مبینہ طور پر اغوا ہونے والی بچی کی ویڈیو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو دیکھی، جس میں ایک بے بس ماں اپنی معصوم بیٹی کی بازیابی کیلئے فریاد کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں کی بے بسی، چیخیں اور اپنی بچی کیلئے تڑپ کسی بھی انسان کے دل کو ہلا دینے کیلئے کافی ہیں۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ممکن ہوا وہ معصوم بچی کو اُس کی ماں سے ملانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
اے این پی سربراہ نے سندھ حکومت اور بالخصوص بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ ماں کی فریاد سنی جائے اور بچی کی بازیابی کیلئے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بچی کو جلد اور خیریت کے ساتھ اُس کی ماں سے ملائے۔
