وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے اور بعض عناصر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ جس کے پاس بھی کرپشن کے ثبوت ہیں وہ سی ایم سیکرٹریٹ لائے، فوری کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں اور وزراء کو ہدایت کی کہ بے بنیاد الزامات پر تین دن کے اندر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف چوتھے دن کارروائی ہوگی۔

 

پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کابینہ میں شامل نئے وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کو خوش آمدید کہا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں عید پر گرمی کی صورتحال کیا ہوگی؟ پی ڈی ایم اے کی پیشگوئی

 

 انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات کی مکمل چھان بین کرے اور الزامات، ثبوت اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہوگا اور کرپشن ثابت ہونے پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

 

وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں منتخب نمائندوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جانے کا مقصد صرف عمران خان کے علاج کے لیے آواز اٹھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت عوام اور پارلیمنٹیرینز کی آواز کا جواب گولیوں سے دے رہی ہے اور ان کے تین ساتھی گولیوں کا نشانہ بنے۔

 

انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں اور شہریوں پر گولیاں چلانے کی روایت ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق صوبائی کابینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا علاج اہل خانہ کی موجودگی میں ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی اور بہترین ہسپتال میں کیا جائے۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے عمران خان کے فوری اور معیاری علاج کا مطالبہ بھی کیا۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بشریٰ بی بی ایک غیر سیاسی خاتون ہیں اور انہیں عمران خان پر دباؤ ڈالنے کے لیے قید رکھا گیا ہے۔ انہوں نے عدلیہ اور قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں سے عمران خان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔

 

اجلاس میں صوبائی کابینہ نے ملاکنڈ لیویز کو پولیس فورس میں ضم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق کابینہ کمیٹی انضمام کے مالی، قانونی اور انتظامی پہلوؤں پر سفارشات مرتب کرے گی۔

 

صوبائی کابینہ نے باجوڑ کے علاقے شاہی تنگی میں مبینہ ڈرون دھماکے میں دو معصوم سکولی بچوں کی شہادت کی شدید مذمت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہید بچوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔