پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عید تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں شدید گرمی کے پیش نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 مئی سے بالائی فضاؤں میں ہائی پریشر سسٹم بننے اور 26 مئی سے مزید مضبوط ہونے کے باعث صوبے میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: کمی کے بعد سونے کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے جبکہ پارہ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

 

اسی طرح پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ہری پور، مہمند، باجوڑ، خیبر، ہنگو، شمالی وزیرستان اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ، کرم اور جنوبی وزیرستان سمیت بالائی اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

 

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو انسانی جانوں، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو اہم مقامات پر ہیٹ سٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ اسٹیشن قائم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

 

ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ممکنہ آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے اور ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کیلئے خصوصی احتیاط برتنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

 

ادارے کی جانب سے کسانوں کو گندم کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دینے اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔