باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے شاہی تنگی میں مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں سکول سے واپس آنے والے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسن ولد اسرار (عمر 10 سال) اور معلوم ولد ممتاز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور شجرہ نسب میں شامل کرنے کا نیٹ ورک بے نقاب
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں بچے سکول سے گھر واپس جا رہے تھے کہ اسی دوران مبینہ طور پر ڈرون کے ذریعے گرایا گیا دھماکہ خیز مواد ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ڈی ایس پی نیاز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بچوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں ایک مسجد پر مبینہ طور پر نامعلوم سمت سے ڈرون کے ذریعے بم گرایا گیا تھا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ آج پیش آنے والے واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔
