پشاور کے تھانہ مچنی گیٹ کی تفتیشی ٹیم پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نادرن بائی پاس کے قریب فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس کی تحویل میں موجود 3 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں محمد شعیب، محمد عمر عرف وجاہت اور محمد عماد شامل ہیں، جو بینک ڈکیتی، قتل اور دہشتگردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو تفتیش کے سلسلے میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے دوران ایس ایچ او اور دیگر اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ پہننے کے باعث محفوظ رہے، تاہم پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے کوہاٹ روڈ اور ورسک روڈ پر بینک ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران چوکیدار اور ایڈیشنل ایس ایچ او کو شہید کیا تھا۔
ملزمان کی نشاندہی پر وارداتوں میں استعمال ہونے والے 3 پستول بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
واقعے کے بعد ایس پی ورسک محمد ارشد خان بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ورسک ڈویژن پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں کے دوران چیکنگ بھی سخت کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
