خیبرپختونخوا کی پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، بونیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، کرم، اورکزئی اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سونا پھر سستا ہوگیا، فی تولہ سونے کی نئی قیمت کیا ہے؟
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شام اور رات کے اوقات میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، خیبر، مردان، صوابی، ہری پور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
