پشاور کے علاقے فقیرآباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر چچا نے مبینہ طور پر گھر کے اندر فائرنگ کرکے اپنی بھتیجی کو قتل کر دیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مقتولہ کے دیور کو بھی قتل کیا تھا، جبکہ مقتولہ کا شوہر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔
گزشتہ روز فقیرآباد پولیس کو مسماۃ شانو بی بی سکنہ متین کورونہ نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 21 سالہ بیٹی کی شادی تین سال قبل عادل کے ساتھ ہوئی تھی، جو بعد ازاں وفات پا چکا ہے۔
گزشتہ روز وہ الف خان چوک میں دیگر اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھی کہ اس دوران اس کا دیور فرہاد آیا اور گھر میں زبردستی داخل ہو کر پستول سے میری بیٹی پر فائرنگ کی، جس سے وہ سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیے: کرم: دو شدت پسند گروہوں کی جھڑپ میں اہم کمانڈر سمیت 18 ہلاک
پولیس کے مطابق مقتولہ بیوہ اپنے دیور سے شادی کرنے کی خواہشمند تھی۔ اسی تنازع کے باعث ملزم نے اس سے قبل مبینہ طور پر اس کے دیور کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اور اسی تنازع پر بھتیجی کو بھی گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولہ کے پہلے شوہر عادل پر رہزنی سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے اور وہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں ملوث ملزم چچا ہے، جو مبینہ طور پر بھتیجی کے قتل میں نامزد ہے۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کینٹ کی حدود مریالی کے محلہ انور فقیر میں رشتے کے تنازع پر ایک خاندانی واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک بھائی نے گھر کے اندر فائرنگ کرکے اپنی 19 سالہ بہن کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت (ک ل بی بی) دختر عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملزم کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا ہے جبکہ علاقے میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
