پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کو صوبے کے کسی بھی ضلع تک مفت منتقل کرنے کی سروس کا افتتاح صوبائی وزیر برائے ریلیف عاقب اللہ خان نے کر دیا۔
صوبائی وزیر برائے ریلیف عاقب اللہ خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کی ائیرپورٹ سے صوبے کے مختلف اضلاع تک مفت منتقلی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم پی ٹی سی اساتذہ کو تنخواہیں کب ملیں گی؟
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور مشکل وقت میں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہونا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ غمزدہ خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا انسانیت کی خدمت ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ جسدِ خاکی کی مفت منتقلی سروس سے متاثرہ خاندانوں پر پڑنے والا مالی بوجھ کم ہوگا، جبکہ بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کو مکمل احترام اور وقار کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جسدِ خاکی کی منتقلی کے لیے چھ خصوصی ایمبولینسز چوبیس گھنٹے دستیاب رہیں گی، جبکہ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ریسکیو 1122 کا خصوصی ہیلپ ڈیسک اور کاؤنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق شہری جسدِ خاکی منتقلی سروس کے لیے 1122، ریسکیو ہیلپ ڈیسک یا پراونشل مانیٹرنگ سیل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اعتماد، احساسِ تحفظ اور فلاحی خدمات کے حکومتی عزم کا عملی اظہار ہے، جبکہ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور معیاری خدمات فراہم کرنے والا ایک مؤثر ادارہ بن چکا ہے۔
