شاہ نواز آفریدی 

 

ضلع خیبر میں پرائمری اسکولوں کے سینکڑوں اساتذہ گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی و ذہنی مشکلات کا شکار ہیں۔ 

 

پیرنٹس ٹیچرز کونسل (پی ٹی سی) فنڈ سے بھرتی شدہ اساتذہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: سوشل میڈیا پر موت کی خبر شیئر کرنا — کیا یہ واقعی ضروری ہے؟

 

صدر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر شریف اللہ آفریدی نے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع خیبر میں پی ٹی سی فنڈ کے تحت مجموعی طور پر 609 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 109 مرد اور 500 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث اساتذہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، کیونکہ مسلسل جیب سے کرایے اور گھریلو اخراجات برداشت کرتے کرتے کئی اساتذہ قرضدار ہو چکے ہیں، جبکہ شادی شدہ اساتذہ اور بچوں والے خاندانوں کے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ تمام اساتذہ پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھرتی کیے گئے تھے اور وہ نہایت محنت، ذمہ داری اور لگن کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اسکول سربراہان بھی ان اساتذہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہوں نے مختصر عرصے میں تعلیمی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

 

شریف اللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں اساتذہ کو تنخواہوں سے محروم رکھنا نہ صرف افسوسناک بلکہ تعلیم دشمن اقدام ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب اساتذہ خود معاشی مشکلات کا شکار ہوں گے تو اس کے منفی اثرات براہِ راست طلبہ کی تعلیم پر پڑیں گے۔

 

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تنخواہوں کے اجرا کی درخواست حال ہی میں موصول ہوئی ہے جس پر فنانس سیکشن کام کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق امید ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل مطلوبہ فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔

 

صدر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ پی ٹی سی فنڈ سے بھرتی شدہ اساتذہ کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور اساتذہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔