خیبرپختونخوا اسمبلی میں گندم کی ترسیل اور سی این جی بندش کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاق سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سی این جی کی بندش آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔

 

 انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے میں سی این جی بندش کا فوری نوٹس لیں اور خیبرپختونخوا کے مسائل پر تیزی سے کام کریں۔

 

یہ بھی پڑھیے: ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم نے عدالت میں اہم مؤقف اختیار کر لیا

 

انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل اور سی این جی بندش اس وقت صوبے کے اہم ترین مسائل ہیں، جبکہ وفاق ایک طرف لاک ڈاؤن کر رہا ہے اور دوسری جانب سی این جی بھی بند کی گئی ہے۔

 

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو پانی میں بھی اس کا حق نہیں دیا جا رہا، اگر صوبے کو پانی کا مکمل حصہ مل جائے تو گندم کے لیے کسی سے مطالبہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ گندم اور سی این جی بحران سے صوبے کا غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور اگر غریب کو روٹی اور سی این جی نہ ملی تو لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔

 

پریس کانفرنس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر اعلیٰ اور اسپیکر صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، جبکہ گورنر نے صوبے کے حقوق کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر اسپیکر صوبائی اسمبلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ جب ہم آئین پر حلف لیتے ہیں تو اس پر عملدرآمد بھی یقینی بنانا چاہیے۔