سلمان خان 

 

ضلع بنوں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے اپنے قریبی رشتہ داروں سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

بیزن خیل کے رہائشی امداد اللہ عرف مدلکے نے بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بیٹے شاکر سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا تقریباً چھ سے سات ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور بعد ازاں مبینہ طور پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہوا۔ 

 

انہوں نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی مسجد میں ویڈیو بیان اور قرآن پاک پر حلف دے کر اس سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: سوشل میڈیا پر “یاجوج ماجوج ملا” کے نام سے فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والا ملزم کہاں سے گرفتار ہوا

 

امداد اللہ نے کہا کہ وہ ایک غریب اور محنت کش شہری ہیں اور دودھ فروخت کر کے گھر کا گزر بسر کرتے ہیں، جبکہ ان کا بیٹے کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی طلبی پر پیش ہوں گے۔

 

 ان کے مطابق انہیں ماضی میں حراست میں لیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کا ریکارڈ کلیئر قرار پایا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بیٹے سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیں رکھتے، حتیٰ کہ جنازے یا فاتحہ سے بھی لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔

 

دوسری جانب گریڑہ امام شاہ کے رہائشی ادریس نے بھی اپنے بھائی خالد اور چچا کمانڈر زرگل عرف انکل سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ادریس نے بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محنت کش شخص ہیں اور چنگ چی چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اور چچا مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے وابستہ ہیں تاہم ان کا ان کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اپنے بھائی کو گھر سے بے دخل کر چکے ہیں اور واضح کر دیا ہے کہ اب ان کا خاندان سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ ادریس کے مطابق وہ متعدد بار قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے پیش ہو چکے ہیں اور ہر بار ان کا ریکارڈ کلیئر پایا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی مکمل تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ حکومت سے اپیل کی کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرامن زندگی گزار سکیں۔

 

یاد رہے کہ کچھ روز قبل بنوں کے علاقے ڈومیل میں واقع اکبر علی خان مسجد کے امام مولانا شیر محمد نے بھی اپنے بیٹے عبدالصمد سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔