چارسدہ میں 5 مئی کو جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی اور معروف عالم دین مولانا شیخ ادریس کے قتل کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کی تلاش اور ان کی نقل و حرکت جاننے کیلئے پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں جیوفینسنگ کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ہنگو: زمینی تنازع پر دو قبائل کے درمیان فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دو افراد اغواء
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ایک شخص کو پشاور کے علاقے چمکنی اور کوہاٹ روڈ پر دیکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مبینہ ملزم موٹرسائیکل پر چمکنی سے سروس روڈ کے ذریعے صبح ساڑھے 5 بجے چارسدہ پہنچا اور بعد میں وہاں سے فرار ہوا۔ اس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ تحقیقات میں سیف سٹی ٹیم سمیت دیگر متعلقہ ادارے بھی شامل ہیں تاکہ کیس کی مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ 5 مئی کو چارسدہ کے علاقے ترنگزئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مولانا شیخ ادریس کو شہید کر دیا تھا۔
