ہنگو کے علاقے دوابہ میں زمین کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد کو مبینہ طور پر اغواء کرلیا گیا۔
واقعے کے بعد پشاور۔پاراچنار شاہراہ کچھ دیر کیلئے بند رہی تاہم بعد ازاں ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: کس کس نے وصول کیے قیمتی تحائف؟ توشہ خانہ کی نئی تفصیلات جاری
ڈی ایس پی مجاہد حسین کے مطابق پلوسین وزیر اور درسمند قوم کے درمیان کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا، جس پر دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپ ہوئی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں درسمند قوم کا ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ دو افراد کے اغواء کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ڈی پی او طارق حبیب کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا۔ دونوں فریقین کے درمیان فوری طور پر فائر بندی کرا دی گئی ہے جبکہ مغوی افراد کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں فریقین سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
