خیبرپختونخوا کے ضلع چترال لوئر کی وادی کیلاش میں روایتی چلم جوشی فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جو 13 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق یہ تہوار علاقے کی قدیم ثقافت اور مذہبی روایات کا اہم حصہ ہے۔

 

محمد سعد نے بتایا کہ فیسٹیول کے پہلے روز وادی رمبور میں “چریک پیپی” کی رسم ادا کی جاتی ہے، جس میں دودھ پینے اور اس کی تقسیم کی روایت شامل ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، پولیو پروگرام کیلئے 830 نئی بھرتیوں کا اعلان

 

انہوں نے مزید کہا کہ تہوار کے دوران وادی کی مختلف رسومات بھی منعقد کی جاتی ہیں جن میں بکریوں کے اصطبل کو جنگلی پھولوں اور اخروٹ کے پتوں سے سجانا شامل ہے، جبکہ مرد و خواتین مل کر دودھ، پنیر اور دہی تقسیم کرکے باہمی محبت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

 

فیسٹیول میں اخروٹ سے بنی روایتی روٹی کی تقسیم اور روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی اہم ثقافتی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی ہدایت پر ٹورازم پولیس کو لواری ٹنل سے لے کر وادی کیلاش تک مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو سہولت اور سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

 

ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی ہدایت پر ٹورازم پولیس کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ فیسٹیول کے دوران مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔

 

تینوں کیلاش وادیوں میں جاری اس رنگا رنگ ثقافتی تقریب میں ملکی اور غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں، جبکہ آخری روز یہ فیسٹیول وادی بمبوریت میں اپنے اختتام کو پہنچے گا۔